نئی دہلی، 6؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ نے بہار حکومت کی اپیل پر بہار میں ٹاپر گھوٹالہ کے اہم ملزم بچہ رائے کی رہائی پر عبوری روک لگا دی ہے، ساتھ ہی عدالت نے بچہ رائے کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔بہار حکومت نے رائے کی ضمانت کو چیلنج کیا ہے، اب اس معاملے میں اگلی سماعت 20؍مارچ کو ہوگی۔درخواست میں بہار حکومت نے سپریم کورٹ سے پٹنہ ہائی کورٹ کی طرف سے بچے رائے کو دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، اس سے پہلے پٹنہ ہائی کورٹ نے بچہ رائے کو ضمانت دے دی تھی۔بچہ رائے کو بہار ٹاپر گھوٹالے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے، بہار حکومت نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ضمانت دینے میں ہائی کورٹ نے کسی بنیاد کا ذکر نہیں کیا۔بہار حکومت نے عدالت میں کہا کہ بچہ رائے نے بہار کے تعلیمی نظا م کو سوالات کے گھیرے میں کھڑا کردیا ہے ، بچہ رائے کے جیل سے باہر رہنے پر ٹرائل متاثر ہوگا، اس لیے اس کی ضمانت کو منسوخ کیا جانا چاہیے ۔غورطلب ہے کہ 14؍فروری کو بچہ رائے کو پٹنہ ہائی کورٹ نے مشروط ضمانت دے دی تھی ، پٹنہ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ 30دن کے اندر چارج شیٹ داخل کی جائے اور اگر 30دن میں چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی تو ایسی صورت میں بچہ رائے کو ضمانت دے دی جائے گی۔عدالت نے حکومت کوایک ماہ کے اندر بچہ رائے کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔چارج شیٹ دائر ہونے کے بعد ہی اس کی جیل سے رہائی ممکن ہوپائے گی ۔